اڈیہ مسلمان
وضاحت: اس مضمون میں "اڈیہ مسلمان" سے مراد وہ مسلمان بھی ہیں، جنھوں نے اسلام قبول کیا تھا اور آبائی طور پر پہلے ہندو تھے، اور "اڈیہ مسلمان" سے وہ عام مسلمان بھی مراد ہیں، جو بہت پہلے ہی یا بعد میں آکر اڈیشا میں آباد ہوئے تھے۔
اڈیہ مسلمان ایک ایسی جماعت ہے جس کا تعلق بھارت کی ریاست اڈیشا سے ہے، جو اسلام کی پیروی کرتے ہیں اور بنیادی طور پر اڈیہ زبان بولتے ہیں۔ وہ زیادہ تر مقامی آبادی سے اسلام قبول کرتے ہیں اور تھوڑے سے تناسب کے ساتھ جو شمالی بھارت سے نقل مکانی کرتے ہیں۔ ان کے مخصوص مذہبی رسومات، کھانے کی عادات اور زبان ان کی پہچان ہیں۔
تاریخ
[ترمیم]پہلی بار اڈیشا میں اسلام کب آیا تو یہ یقینی طور پر بیان کرنا ناممکن ہے۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ پہلی اہم اسلامی موجودگی؛ مغربی بنگال کے جنرل کالا پہاڑ کے حملہ سے شروع ہوئی ہے۔ بنگال کے سلطان، سلطان سلیمان خان کرانی کی فوج کی کمانڈ کرتے ہوئے، کالا پہاڑ نے 1568 عیسوی میں کٹک کے راجا مکند دیوا کو شکست دی۔[1]
کرانی اپنے ساتھ مسلمان فوجی لائے، جو اڈیشا میں آباد ہوئے، تاہم ان کی تعداد بہت کم تھی۔ کچھ اڈیہ لوگوں نے نقلِ مذہب کرکے مسلمان مذہب اختیار کر لیا تھا۔ تاہم ان وارد مسلمانوں کی تعداد؛ اعداد و شمار کے لحاظ سے تقریباً تمام نومسلم ہندؤوں کے مقابلہ میں اہمیت کی حامل تھی۔ اور وہ نومسلم مسلمان عقیدے کے لحاظ سے تو مسلمان تھے؛ لیکن انھوں نے مقامی رسم و رواج اور روایات کی پیروی جاری رکھی اور فارسی یا اردو کے برخلاف؛ اڈیہ کو اپنی مادری زبان کے طور پر برقرار رکھا، پھر زیادہ تر ہندوستانی مسلمانوں کی زبان بھی مشترکہ اور مختلف ہے۔ ان مسلمانوں کی اولاد؛ اب بھی پوری، کھوردا اور کٹک اضلاع میں پائی جاتی ہے۔
بعد میں مغل حکمران نوابِ بنگال کے دورِ اقتدار میں بھی ہجرت و نقل مکانی جاری رہی۔ ان میں زیادہ تر تاجر یا پادری تھے، جو سیکولر اور اسلامی دونوں ہی عدالتوں کی صدارت کے لیے بھیجے گئے تھے۔ [2] آزادی کے بعد؛ بھارت کے دوسرے حصوں سے بھی متعدد مسلمان؛ راورکیلا اور بھوبنیشور شہروں میں آکر یہیں بس گئے۔
افغانوں اور مغلوں کی دور حکومت
[ترمیم]بنگال کے سلیمان کرانی نے 1568ء میں اڈیشا میں افغان حکومت کی بنا ڈالی۔ 1568ء سے 1575ء تک افغان؛ مہاندی کے شمالی ضلعوں پر قائم رہے۔ لیکن افغانوں کی حکومت ان دنوں اڈیشا پر زیادہ عرصہ تک قائم نہ رہ سکی۔ مغلوں اور افغانوں کے درمیان میں اقتدار کی کشمکش جاری تھی، اسی وجہ سے افغانوں کو اپنے طور پر زیادہ دنوں تک حکومت کرنے کا موقع نہیں مل پایا۔ دوسرے الفاظ میں یوں کہا جا سکتا ہے کہ افغانوں کو اڈیشا میں انتظامیہ کے اصولوں میں کسی طرح کی تبدیلی کا موقع نہ مل سکا۔[3]
1576ء میں داؤد کرانی کی شکست اور وفات کے بعد؛ اڈیشا ؛ اکبر کی زیر سلطنت آگیا اور بنگال کی طرح یہ بھی ایک مغل ریاست کی حیثیت سے قائم رہا۔ لیکن مغل افسروں کی سہولت پسندی اور عیش کوشی کی بنا پر اکبر کے اقتدار کے خاتمہ تک افغان؛ اڈیشا (سابق نام: اڑیسہ) اور بنگال سے وابستہ رہے۔ 1576ء سے 1605ء تک تقریباً 30 سال تک؛ مغل اڈیشا اور بنگال سے افغانوں کی باغیانہ سرکشی کا خاتمہ کرنے کی کوشش میں لگے رہے۔ داؤد کرانی کی شکست کے بعد؛ اڈیشا برائے نام؛ اکبر کی سلطنت میں ضم کر لیا گیا تھا۔ لیکن اس کے باوجود افغان؛ مغلوں کے اڈیشا پر مکمل طور پر قابض ہونے کی کوششوں کو ناکام بنانے میں لگے رہے۔ اس طرح افغانوں نے بنگال کے مغل صوبہ داروں کے منصوبوں پر پانی پھیر رکھا تھا۔ بالآخر 1584ء میں بنگال کے مغل صوبہ دار شہباز خان نے قتلو خان لوہانی کو امن و امان کے ساتھ اڈیشا پر حکومت کرنے کی اجازت دے دی، قتلو نے مغلوں کو اس فراخ دلی کے لیے خراجِ تشکر کے طور پر ساٹھ ہاتھی اور دوسرے کئی تحائف بھیجے، جو 11 جون 1584ء کو شہنشاہ اکبر کو دستیاب ہوئے۔ اسی طرح 1590ء میں عیسٰی خان اور راجا مان سنگھ کے درمیان میں ایک صلح نامہ تیار ہوا، جس میں یہ طے پایا کہ دہلی کے بادشاہ کے نام کا خطبہ پڑھا جائے گا، پوری کے جگناتھ مندر اور اس سے متعلقہ اوقاف میں کوئی دست اندازی نہیں ہوگی اور وفادار زمین داروں کو کوئی تکلیف نہیں پہنچائی جائے گی؛ لیکن عیسٰی خان کی وفات کے بعد اس کے ورثاء نے صلح نامہ پر عمل نہیں کیا اور راجا مان سنگھ کو افغانوں کے سامنے خراج پیش کرنا پڑا۔[3]
1595ء میں شہنشاہ اکبر نے اپنی سلطنت کو 12 صوبوں میں تقسیم کر دیا تھا؛ لیکن بعد میں خاندیش برار اور احمد نگر کے اشتمال سے 15 صوبے بنے؛ لیکن صوبوں کی اس فہرست میں اڈیشا کا کہیں ذکر نہیں آتا؛ بل کہ اڈیشا ایک ذیلی صوبہ کی حیثیت سے رکھا گیا تھا۔ ابو الفضل فیضی نے اس امر کی وضاحت یوں کی ہے کہ اڈیشا کو تاریخی حالات اور جغرافیائی حدبندیوں کے پیش نظر؛ اکبر کی سلطنت میں ہونے کی وجہ سے؛ انتظامیہ کی سہولت کی خاطر؛ بنگال کے ساتھ ضم کر دیا گیا تھا۔[3]
جہانگیر کی عہد سلطنت میں اڈیشا؛ بنگال سے الگ ہوکر مستقل صوبہ کی حیثیت سے سامنے آیا؛ لیکن بہتر انتظامات اور اور حکومت کے پیش نظر پڑوسی صوبہ بنگال کے وائسرایوں کے سپرد بھی ہوتا رہا۔[3]
راجا ٹورڈمنڈل نے 1580ء میں پہلی مرتبہ اڈیشا میں باقاعدہ انتظامیہ قائم کیا۔ اس کے مطابق اڈیشا کو مغل بندی اور گڑھ جات یا قلعہ جات میں تقسیم کیا گیا۔ جو علاقہ براہ راست مغلوں کی حکومت میں رہا، اسے "مغل بندی" کا نام دیا گیا اور جو علاقہ مقامی راجاؤں کی نگرانی میں رہا اسے "گڑھ جات" کہا گیا، اس طرح کے مغل دربار میں ایک مقررہ خراج پیش کیا کرتے تھے۔[3]
شاہجہاں کے دور حکومت میں اڈیشا میں اہم تبدیلیاں رونما ہوئیں؛ خصوصاً شاہزادہ شاہ شجاع کی عملداری میں (1648–1658) اس طرح کی تبدیلیوں کا آغاز ہوا۔[3]
عہد اورنگ زیب میں اڈیشا کی زبوں حالی کے ازالہ کے لیے اورنگ زیب نے اپنے خاص فرمان کے ذریعہ؛ اڈیشا میں متعدد اشیاء پر پر لگی چنگیاں اٹھا لیں، سولہویں صدی میں بھارت کے دوسرے علاقوں کی طرح اڈیشا میں بھی بعض جگہوں پر سنگ دل والدین؛ مخصوص فعل کے ذریعہ اپنے لڑکوں کو خواجہ سرا بننے کے لیے بیچنے لگے تھے، تو 1688ء میں اورنگ زیب نے اپنے مخصوص فرمان کے ذریعہ پوری سلطنت میں اس قبیح عمل پر روک لگائی۔[3]
اڈیشا میں مسلمانوں کی حکومت؛ 1751ء میں ختم ہو گئی تھی، لیکن مسلم حکومت کے سماجی اور ثقافتی اثرات؛ بعد میں مراٹھوں اور انگریزوں کے دور حکومت تک جاری رہے اور برطانوی دور میں بھی اڈیشا میں مغلیہ دور کے اصطلاحات استعمال ہوتے رہے، جیسے قانون گو، زمیں دار، تحصیل دار اور محرر وغیرہ (جن میں سے بعض اب بھی یعنی اکیسویں صدی میں بھی رائج ہیں)؛ یہاں تک کہ اڈیشا میں مسلم دور حکومت کے اثرات؛ یہاں کے زبان و ادب، رسم و رواج، طرزِ زندگی، کھان پان اور لباس و پوشاک میں بھی پائے جاتے ہیں۔ فارسی زبان؛ مسلم دور حکومت کی طرح مراٹھوں اور انگریزوں کے دور میں بھی اڈیشا کی سرکاری زبان رہی۔ فارسی کے سرکاری زبان ہونے کی بدولت ہر مذہب و طبقہ کے مقامی لوگوں کو ملازمت و تجارت اور دوسرے وجوہات سے فارسی زبان ضرور آتا تھا۔[3]
آبادیات
[ترمیم]مسلمان حکمرانی کے دور میں بھی اڈیشا میں اسلام کی شرح نمو بہت کم رہی ہے؛ کیوں کہ اس سے پہلے کبھی کوئی بڑا دعوت اسلام کا کام نہیں ہوا تھا۔ اڈیشا میں مسلمانوں کی موجودہ آبادی (2011ء کی مردم شماری کے حساب سے) 911،670 ہے، جو کل آبادی کا تقریباً %2.2 ہے۔ بھدرک شہر میں کل آبادی (تقریباً ٪35 کے ارد گرد) مسلمانوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد ہے۔[4]
ساحلی شہر کٹک، بھوبنیشور، کیندرا پاڑہ اور جاج پور میں ایک بڑی آبادی ہے۔ کٹک، جاج پور اور بھدرک اضلاع میں بھی دیہی مسلمانوں کی کافی آبادی ہے۔
الگ تھلگ مسلم آبادی؛ اڈیشا کے ساحلی علاقوں کے ساتھ ساتھ؛ بنیادی طور پر پرانے شہروں اور دیہات میں موجود ہے، جو اہم تجارتی راستوں پر واقع ہیں۔ ان میں مشہور ضلع جاج پور کے برہمبردہ، بنجھار پور، الکونڈ، برواں اور اڑنگ قصبے و بستیاں ہیں۔ اندرونی علاقوں میں راورکیلا شہر میں اردو بولنے والے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد ہے، جو زیادہ تر راورکیلا اسٹیل پلانٹ میں ملازمت کرتی ہیں۔ جو جھارکھنڈ اور بہار سے ملحق ریاستوں سے ہجرت کرکے آئے ہیں۔
سمبل پور میں ایک اور اہم مسلم آبادی ہے۔ اس معاشرے کی شرح خواندگی %71.3 ہے، جو قومی اوسط %64.9 فیصد سے زیادہ ہے۔
اڈیشا سے باہر اڈیشا کے مسلمان؛ دہلی، بنگلور اور کلکتہ میں اڈیہ مہاجرین کی شکل میں ایک حصہ کے طور پر پائے جاتے ہیں۔ اڈیہ مسلمانوں کا تھوڑا سا تناسب؛ جو بڑی حد تک پرانے کٹک ضلع کے خوش حال اعلیٰ طبقہ سے تھا، 1947ء میں کراچی، سندھ پاکستان چلا گیا۔ اڈیشا میں رشتہ داروں کے ساتھ خاندانی تعلقات اس وقت تک مستحکم رہے، جب تک کہ 1980ء کی دہائی میں بڑھتی ہوئی پابندیاں ان تعلقات کے زوال کا باعث نہ بنییں۔ جنوبی ایشیا سے باہر؛ اڈیہ مسلمان؛ متحدہ عرب امارات؛ خصوصاً دبئی میں اور ریاستہائے متحدہ امریکا میں آباد ہیں۔
فرقے اور جماعتیں
[ترمیم]اڈیشا کے اکثر مسلمان؛ سنی ہیں جن کا تعلق حنفی اسکول سے ہے۔ سنیوں کو دیوبندی اور بریلوی ذیلی فرقوں کے مابین تقسیم کیا گیا ہے۔ کچھ فرقہ وارانہ اختلافات ہیں اور اکثر معمولی تنازع کی وجہ بھی ہوتی ہے۔ شیعہ حضرات کی ایک چھوٹی سی آبادی؛ جو فرقہ امامیہ سے تعلق رکھتی ہے، خاص طور پر فارسی النسل کی ہے، کٹک شہر میں پائی جاتی ہے۔ ضلع کھوردا کے کیرنگ میں بھی احمدیہ برادری یعنی قادیانی مذہب کے پیروکار؛ جسے مسلمانوں کے ذریعہ نظریاتی سمجھا جاتا ہے، موجود ہیں۔ نیز ان کے علاوہ جماعت اہل حدیث سے تعلق رکھنے والے حضرات بھی خصوصاً ضلع کیونجھر میں موجود ہیں۔
زبان
[ترمیم]اڈیہ مسلمانوں کا ایک بہت بڑا حصہ دو لسانی ہے، جو اڈیہ اور اردو دونوں بولتا ہے۔ شمالی بھارت کے مسلمانوں کی روایتی وقار بولی؛ اردو کا استعمال؛ انھیں اڈیہ ہندؤوں سے ممتاز و جدا کرتا ہے۔ اڈیشوی اردو؛ معیاری بولی سے خاصی متغیر ہے۔ اس میں اڈیہ کے بہت سارے مستعار الفاظ شامل ہیں اور اس کے کوئی مقررہ گرامر و اصول نہیں ہیں۔ اسی لیے یہ صرف بولی جاتی ہے اور کتابت و طباعت میں مستعمل نہیں ہے۔ اڈیہ یا معیاری اردو کو باضابطہ اور رسمی مواقع پر ترجیح دی جاتی ہے۔ اڈیہ اور اردو اکثر جنوبی اڈیشا میں برہم پور اور اڈیشا کے بنگالیوں کے ساتھ بالاسور ضلع کے باشندے استعمال کرتے ہیں۔ اڈیشا کے اکثر جگہوں کے مسلمان؛ اڈیہ اور اردو دونوں بولتے ہیں۔
کھان پکوان
[ترمیم]اڈیہ مسلمانوں کی کھانے کی عادات ان کے ہندو پڑوسیوں سے غیر معمولی مختلف ہے۔ حنفی مسلک میں شیل فش کے جواز کے باوجود؛ سمندری غذا کی خصوصیات بہت زیادہ ہیں۔ سرخ اور سفید گوشت؛ دونوں ہی بڑے پیمانے پر کھائے جاتے ہیں۔
پوشاک
[ترمیم]خواتین؛ زیادہ تر روایتی ساڑی پسند کرتی ہیں۔ عام طور پر برقعہ عام ہونے کے باوجود شرعی پردہ کے اصول میں غفلت و تساہلی سے کام لیتی ہیں۔ مرد حضرات؛ اپنے نچلے جسم کو ڈھانپنے کے لیے ہندؤوں کی دھوتی کے برعکس؛ ایک قسم کی لنگوٹ لنگی کا استعمال کرتے ہیں۔
تہذیب و تمدن
[ترمیم]اڈیہ مسلمانوں میں عام طور پر مذہبی طور پر عمل بہت زیادہ ہے، اگرچہ بہت سارے طریقوں میں واضح طور پر ہندوؤں کی جڑیں موجود ہیں۔ تبلیغی جماعت جیسی مسلم دعوتى تنظیموں نے اس مشقت کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ درگاہوں، زیارت گاہوں اور دیگر مقامی مقدس مقامات پر روایتی عقیدے وسیع پیمانے پر ہیں۔
کٹک شہر میں واقع قرون وسطی کا ایک مزار قدم رسول؛ اوڈیشا کے بریلوی مسلمانوں کی ایک اہم درگاہ ہے۔ اڈیہ بریلوی مسلمانوں میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ حضرت محمد ﷺ کے نقش قدم پر مشتمل ہے۔ اہم درگاہیں: کھوردا کے قریب کائی پدر میں اور بھدرک کے قریب دھام نگر میں واقع ہیں۔
جاج پور اور کٹک میں "مغل مساجد" موجود ہیں۔[5] نيز نیالی، ضلع کٹک اور قدیم بدھسٹ مقام للت گری کے قریب بھی۔
بھونیشور "چار نمبر" میں واقع کیپیٹل مسجد اوڈیشا کی سب سے بڑی مسجد ہے۔
تعلیم و تعلیمی ادارے
[ترمیم]- اردو اکیڈمی، اڈیشا جو محکمہ ثقافت، صوبہ اڈیشا کا ایک شعبہ ہے، جو اڈیشا میں اردو زبان کی تشہیر اور مقبولیت میں مصروف ہے۔
- سعید سیمینری، کٹک (سن قیام: 1913ء) ایک قدیم اور ایک بڑا اسلامی تعلیمی ادارہ ہے، جو جمہوری تعلیم اور ساتھ ہی دینی تعلیم بھی فراہم کرتا ہے۔ یونیورسٹی کی سطح پر اردو کو بالیسور، اوڈیشا کی فقیر موہن یونیورسٹی (ایف ایم یو) میں مقررہ نصاب کے مطابق تعلیم دی جاتی ہے۔ ایف ایم یو میں انگریزی اور اڈیہ کے ساتھ؛ اردو کا شعبۂ زبان و ادب بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
- جامعہ مرکز العلوم، قاضی ہاٹ، سونگڑہ، کٹک؛ جس کی سنگِ بنیاد اولاً کسی اور نام سے کسی اور مقام پر 1936ء میں خام تعمیر کی شکل میں رکھی گئی تھی، پھر سنہ 1946ء میں صدر جمعیت علمائے اڈیشا و امیر شریعت اول اڈیشا، مولانا محمد اسماعیل کٹکی قاسمی کے ذریعہ اس کی پختہ بنیاد رکھی گئی تھی، جو اڈیشا میں دیوبندی اسلامی تعلیم کا ایک ممتاز اور اولین مرکز ہے، جو بعد میں ان کے شاگرد رشید امیرِ شریعت ثانی اڈیشا مولانا سید سراج الساجدین کٹکی قاسمی کے زیر اہتمام پروان چڑھا، جس کے موجودہ مہتمم مولانا مفتی سید نقیب الامین برقی قاسمی ہیں، جہاں دورۂ حدیث تک کی تعلیم دی جاتی ہے۔[6]
- جامعہ اشرف العلوم، کیندرا پاڑہ پہلے جس کی سنگِ بنیاد 1937ء میں رکھی گئی تھی، پھر 1984ء میں امیرِ شریعت رابع اڈیشا مولانا محمد فاروق قاسمی کے ذریعہ اس کی نشأۃ ثانیہ ہوئی، ریاست کا ایک بڑا اور اہم ادارہ ہے، جہاں دورۂ حدیث تک کی تعلیم دی جاتی ہے۔ جو پہلے فقیر آباد محلہ میں قائم تھا اور اب کیندرا پاڑہ ہی کے محمود آباد محلہ میں منتقل ہو گیا ہے۔[7]
- مدرسہ اسلامیہ دینیہ (موجودہ نام: مدرسہ ارشد العلوم)، کنی پاڑہ، سبلنگ، ضلع کٹک بھی ایک قدیم مدرسہ ہے، جس کی باقاعدہ بنیاد اس کے سابق مہتمم امیر شریعت ثالث اڈیشا مولانا محمد جلال الدین کٹکی قاسمی نے 1966ء میں رکھی تھی، اس سے قبل خام تعمیر کی شکل میں وہ ایک مکتب تھا۔
- جامعہ ابو ہریرہ، بسرا، راورکیلا، ضلع سندر گڑھ بھی اڈیشا کا ایک قدیم ادارہ ہے۔
- مدرسہ جامع العلوم، پوکھری پورٹ؛ بھوبنیشور شہر میں مجلس دعوۃ الحق، ہردوئی کا ایک قابل ذکر ادارہ ہے، جہاں عربی درجاتِ علیا تک کی تعلیم دی جاتی ہے۔
- مدرسہ سلطانیہ، بخشی بازار، کٹک بھی ایک قدیم ادارہ ہے، جو سنہ 1910ء میں قائم ہوا تھا۔[8]
- دار الہدی، چمپوا (سن قیام: 1931ء) چمپوا، ضلع کیونجھر، اڈیشا کا ایک قدیم ادارہ ہے۔[8]
حوالہ جات
[ترمیم]- ↑ History of Modern Orissa: 1936–2000 page:5 by Kartik Chandra Rout, Published by Anmol Publications PVT. LTD.، 2004, آئی ایس بی این 81-261-2006-1، آئی ایس بی این 978-81-261-2006-2
- ↑ Pralay Kanungo (2 اگست 2003)۔ "Hindutva's Entry into a 'Hindu Province': Early Years of RSS in Orissa"۔ The Economic and Political Weekly۔ 2018-02-16 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2018-11-29 – بذریعہ sacw.net
- ^ ا ب پ ت ٹ ث ج چ حفیظ اللہ نیولپوری۔ اڑیسہ میں اردو (اکتوبر، دسمبر 2001ء ایڈیشن)۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی۔ ص 19-21-23-27-30۔ اخذ شدہ بتاریخ 2021-10-10
- ↑ http://muslim-census.com/2021/02/muslim-population-in-states-of-india/
- ↑ https://archive.org/details/rukaatialamgirio00aurarich/page/7/mode/1up?view=theater
- ↑ محمد روح الامین میُوربھنجی (5 دسمبر 2021)۔ "مناظر اسلام مولانا محمد اسماعیل کٹکی قاسمی رحمہ اللّٰہ: حیات و خدمات"۔ بصیرت آن لائن۔ اخذ شدہ بتاریخ 2021-12-05
- ↑ "ABOUT JAMIA ASHRAFUL ULOOM" [جامعہ اشرف العلوم کا تعارف]۔ Jamia's official website۔ 2022-03-02 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2021-03-12
- ^ ا ب پ شاذیہ تمکین (28 جولائی 2019)۔ "اڑیسہ میں اردو زبان کی ترقی و ترویج میں درپیش مسائل اور ان کا حل!"۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان۔ ماہنامہ اردو دنیا،جولائی 2019۔ اخذ شدہ بتاریخ 2021-10-10
{{حوالہ ویب}}
: اس حوالہ میں نامعلوم یا خالی پیرامیٹر موجود ہے:|1=
(معاونت)